وزیراعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا گیا

وزیراعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا گیا
سپریم کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ میں ججز  کی تعیناتی سے روک دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے گلگت بلتستان اپیلیٹ کورٹ میں ججز تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے مقدمہ کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کر دیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے اپیلیٹ کورٹ میں ججز تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔

وزیراعلی گلگت بلتستان کے وکیل مخدوم علی خان نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیرالتوا ہے۔ کیس عدالت میں ہے پھر بھی ججز کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا۔ ججز چارج سنبھال چکے ہیں انہیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پر طے کریں گے۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ججز کو نوٹس کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

گلگت بلتستان اپیلیٹ کورٹ میں تعینات ججز کو کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس بھی جاری کر دیا۔

عدالت نے مقدمہ کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی۔