بلوچستان میں کانسٹیبلری ٹرک کے قریب خودکش دھماکا، 9 اہلکار جاں بحق، 13 زخمی

بلوچستان میں کانسٹیبلری ٹرک کے قریب خودکش دھماکا، 9 اہلکار جاں بحق، 13 زخمی
بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ بلوچستان کے علاقے بولان میں کنبڑی پل کے  قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوئے۔

ضلع کچھی میں بولان کے علاقے ڈاڈر کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے بی سی کے جوانوں پر حملہ کردیا۔ زخمی ہونے والے افراد میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

خودکش دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا جارہا ہے۔

ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے بتایا ہے کہ ضلع کچھی اور سبی باڈر کے قریب بولان کے علاقے کنبڑی میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس کے وین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد کوئٹہ جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس میں 9 جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کے جانے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دی جاسکتی ہے۔

کچھی کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس کے جوان جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔ گاڑی پر 22جوان سوار تھے۔

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مزمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کاروائیوں سے مزموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جاۓ گا۔

واضح رہے کہ 26 فروری کو بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بارود سے بھری موٹر سائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں ہوا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جبکہ بعض زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان کے ہسپتال بھی منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس سے مختلف کاروں، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔