معروف نوجوان اینکر حمزہ رؤف انتقال کر گئے

معروف نوجوان اینکر حمزہ رؤف انتقال کر گئے
معروف نوجوان اینکر اور سابق ڈائریکٹر  اور صحافی عبدالرؤف کے اکلوتے صاحبزادے اور پروگرام ’حمزہ نامہ‘ کے میزبان حمزہ رؤف دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

حمزہ طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ اپنی صحت کے مسائل کے باوجود حمزہ نے مسلسل محنت کی اور اپنے سامعین کے لیے معیاری مواد فراہم کیا۔ حمزہ رؤف جیو نیوز پر پروگرام حمزہ نامہ کرتے تھے جس میں وہ ممتاز عالم دین سے بہت اہم سوال معصومانہ انداز میں کیا کرتے تھے۔

ان کی نماز جنازہ لاہور کینٹ میں ادا کر دی گئی جس میں میڈیا سمیت سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی،بعدازاں انہیں لاہور کے مقامی قبرستان میں سپر خاک کردیا گیا۔

حمزہ کی ناگہانی موت نے میڈیا انڈسٹری میں ایک اہم خلا چھوڑ دیا ہے۔ حمزہ کی باریک بینی سے تحقیق اور سیکھنے کی خواہش  پاکستانی سامعین کی توجہ کا مرکز رہی۔کام کے لیے ان کی لگن اور جذبے کو  ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ایک متاثرکن شخصیت  اور پرجوش میزبان کے طور پر ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی شخصیت دوسروں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ان کے منتخب کردہ میدان میں مثبت اثر ڈالنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔

حمزہ رؤف کے انتقال پر صحافی برادری کی جانب سے شدید صدمے اور دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اینکر عاصمہ شیرازی نے اپنی ٹویٹ میں اظہار تعزیت  کرتے ہوئے کہا کہ بہت ذہین بچہ تھا۔ جیو کے ابتدائی ایام میں اکثر رؤف صاحب کے ساتھ جیو اسلام آباد آتا اور بہت سنجیدہ موضوعات پر مدلل بات چیت کرتا ۔ حمزہ کے جانے کا بے حد افسوس ہے۔ خدا رؤف صاحب اور اُن کی اہلیہ کو صبر عطا کرے۔ آمین۔

https://twitter.com/asmashirazi/status/1634203968396992521?s=20

جیو نیوز کے اینکر آصف علی بھٹی نے اینکر عبدالروف سے جواں سال بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عبدالروف بھائی ، پیارے معصوم بیٹے حمزہ کی اچانک انتقال کی اطلاع پر گہرا صدمہ ہوا ،میری اور اہل خانہ کی طرف سے دلی تعزیت قبول فرمائیں ،پروردگار عالم کریم ہمارے پیارے بیٹے کو جنت الفردوس میں مقام بلند عطا فرمائیں اور آپ سمیت پورے خاندان کو صبر واستقامت عنایت فرمائیں۔ آمین۔

https://twitter.com/Asifbhatti_GEO/status/1634313541690728455?s=20

کالم نگار شمع جونیجو  نے کہا کہ انتہائی افسوسناک خبر ہے۔ مجھے اس بچے کی ذہانت پسند تھی۔ ارفع کمال کے بعد یہ پاکستان کا ایک اور بڑا نقصان ہے۔ ان کے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں۔

https://twitter.com/ShamaJunejo/status/1634237420286754816?s=20