غیرقانونی تجاوزات، تیز موسیقی: اعتزاز احسن کی بہنوں نے عمران خان کے خلاف شکایت درج کروا دی

غیرقانونی تجاوزات، تیز موسیقی: اعتزاز احسن کی بہنوں نے عمران خان کے خلاف شکایت درج کروا دی
زمان پاک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف میں مختلف مقامات پر غیرقانونی رُکاوٹیں اور تجاوزات لگائی گئی ہیں جن کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور رات کے وقت تیز آواز میں چلائی جانے والی موسیقی کے باعث علاقہ مکینوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کی دو بڑی بہنیں، جو زمان پار ک میں ہی رہائش پذیر ہیں, انہوں نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے زمان پارک کے اطراف میں غیر قانونی انکروچمنٹ کے خلاف درخواست دائر کر دی اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کے تحت بھی درخواست دائر کر دی۔ یہ درخواست چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب، کمشنر لاہور اور ایس ایچ او ریس کورس پولیس اسٹیشن کو لکھی گئی۔

اس سے قبل اعتزاز احسن کی بہنوں ڈاکٹر شیرین ظفر اللہ اور مسز نسرین خالد چیمہ نے14 فروری کو عمران خان کو خط لکھ کر ان سے اس ناقابل قبول صورتحال کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ صورتحال لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کے مترادف ہے۔

خط میں لکھا ہے کہ انکروچمنٹ کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ صبح چار بجے تک جاری رہنے والی تیز موسیقی بھی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ممکن ہے کہ یہ سب اُن لوگوں کیلئے قابل قبول ہو جو آپ (عمران خان) کی سیاست کے حامی ہیں لیکن ہر شخص کیلئے نہیں۔

خط میں انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ عمران خان ان تحفظات کو دور کریں گے کیونکہ اس طرح کی مداخلت کی مہذب معاشرے میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔

تاہم چار روز تک انتظار کرنے کے باوجود بھی صورتحال برقرار رہی، تو دونوں خواتین کی جانب سے ایک اور خط لکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دوسرے خط میں انہوں نے لکھا کہ ہمیں امید تھی کہ آپ ہماری درخواست پر عمل کرتے ہوئے فوری ایکشن لیں گے لیکن ہمیں بڑی مایوسی ہوئی ہے کہ یہ تماشہ جاری ہے۔ گزشتہ رات بھی رات چار بج کر 23 منٹ تک شور کے ساتھ موسیقی جاری رہی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے پڑوسیوں کی ذرا پروا نہیں۔ یہ ناقابل قبول اور اب ہمارے پاس آپشن نہیں رہتا کہ ہم آپ کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں۔

دوسرے خط کا جواب نہ ملنے پر دونوں بہنوں نے 8 مارچ کو غیر قانونی انکروچمنٹ کیخلاف درخواست دائر کر دی اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کے تحت بھی درخواست دائر کر دی۔

واضح رہے کہ زمان پارک میں عمران خان کی فیملی کو پلاٹ الاٹ کیے جانے سے بہت پہلے1933  میں اعتزاز احسن کے والد چودہدری محمد احسن نے زمان پارک میں آبائی مکان تعمیر کرایا تھا۔ اعتزاز احسن کے صاحبزادے علی بھی اسی گھر میں رہتے ہیں۔