پاکستانی سیاست میں عمران خان جیسا فراڈیا نہیں دیکھا: نواز شریف

پاکستانی سیاست میں عمران خان جیسا فراڈیا نہیں دیکھا: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان پر کڑی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں ایسا سیاسی فراڈیا پاکستان کی سیاست میں پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آپ نے سن لیا ہوگا حکومت نے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جےآئی ٹی)  تشکیل دے دی ہے جو تفتیش مکمل کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ دنیا پہلے ہی جانتی تھی کہ عمران خان ہیرا پھیری کرتا ہے اور فراڈیا ہے۔ لیکن  یہ دہشت گرد بھی ہے۔ یہ کوئی نہیں جانتا تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ ( عمران خان)  ہر معاملے میں دوسروں سے آگے جا رہا ہے چاہے دہشت گردی کا ہی معاملہ کیوں نہ ہو۔

قائد ن لیگ نے کہا بڑے سنگین واقعات ہیں۔ پیٹرول بم کس لیے پھینکے کہ پولیس والے جل کر مر جائیں؟پولیس والے اگر جل کر مر جاتے اور وہاں سے نہ بھاگتے تو کیا ہوتا؟ کس نے انہیں سکھایا ہے کہ پولیس والوں پر پٹرول بم پھینکیں۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کی جانب سے پہلی بار ایسی حرکت ہوئی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ ان لوگوں  کے خلاف بھرپورایکشن ہونا چاہیے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں تشدد کا مقدمہ درج کر لیا۔ ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں کل 38 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

گزشتہ روز  پی ٹی آئی  قیادت پر دہشت گردی کے مقدمات پر تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی  تشکیل دے دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق  وزارت داخلہ نے 5 رکنی جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ذوالفقار حمید جے آئی ٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ  آئی ایس آئی،آئی بی اور ایم آئی کے افسر بھی جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر اویس احمد بھی جے آئی ٹی کے ارکان میں شام ہیں جبکہ پنجاب اسپیشل برانچ کا نمائندہ بھی جے آئی ٹی کا ممبر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت قائم کی گئی ہے۔