خیبرپختونخوا انتخابات کا معاملہ، پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

خیبرپختونخوا انتخابات کا معاملہ، پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ نہ دینے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کر دی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی نے اپنی درخواست پر اعتراضات کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما مشتاق غنی نے خیبرپختونخوااسمبلی الیکشن کیلئے تاریخ نہ دینے کے معاملے پر پشاورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ سے دادرسی نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ گورنر نے انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے۔ گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی نہیں کیا۔

درخواست میں مزید کہا گیاہے کہ آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہے۔ 90 دن میں اگر انتخابات نہیں ہو سکتے تو کم سے کم وقت میں کرائے جائیں۔ گورنر کی جانب سے 8 اکتوبرکی تاریخ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنر کو فوری الیکشن کیلئے تاریخ دینے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن ،وفاقی وصوبائی حکومت ،گورنر کے پی اور صدرمملکت کو فریق بنایا گیا ہے۔