پی ٹی آئی رہنما اسد عمر گرفتار

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما اور جنرل سیکرٹری اسد عمر کو گرفتار کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے بعد پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے اسد عمر کو گرفتار کیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، شاہ محمود قریشی، وکیل خواجہ حارث اور بابراعوان اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔

اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے جس کےبعد وہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے قریب لائبریری میں پہنچے جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ نے اسد عمر کو گرفتار کرلیا۔

کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرز، ایف سی کی بھاری نفری عدالت کے اطراف تعینات کی گئی ہے، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کردیئے گئے ہیں۔