'صُلح کے لئے تیار ہوں؛ ملاقات میں عمران خان نے کرم فرماؤں کو یقین دہانی کروا دی'

'صُلح کے لئے تیار ہوں؛ ملاقات میں عمران خان نے کرم فرماؤں کو یقین دہانی کروا دی'
اطلاعات کے مطابق کل رات عمران خان کے ساتھ کچھ 'کرم فرماؤں' کی براہ راست ملاقات ہوئی ہے جس میں کچھ سیاسی لوگ بھی شامل تھے۔ عمران خان نے بہت مثبت ردعمل دکھایا اور کہا میں آپ کے ساتھ صلح کے لئے تیار ہوں، جو کچھ ہوا میرے علم میں نہیں تھا۔ اسی کے نتیجے میں کارکنان بھی زمان پارک سے چلے گئے اور عمران خان نے آج یہ بھی کہا ہے کہ سرچ وارنٹ لے کر آ جائیں میں تلاشی دینے کو تیار ہوں۔ اس سے کچھ نہ کچھ برف پگھلنے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ یہ کہنا ہے صحافی مبشر بخاری کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت عمران خان کی منظوری کے بعد کی ہے۔ ان کا بیان واضح کرتا ہے کہ پس پردہ کچھ نہ کچھ چل رہا ہے۔ عمران خان نے مریدکے میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جو اب بعض وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ امریکہ سے لوگوں کو بلا کر عمران خان نے اہم عہدے دیے جو اب غائب ہو رہے ہیں۔

رپورٹر اعزاز سید نے کہا کہ شہباز گِل جب گرفتار ہوئے تو انہوں نے تفتیش کرنے والے انٹیلی جنس اہلکاروں کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کے متعلق بہت واہیات باتیں بتائی تھیں۔ شہباز گل سے متعلق یہ باتیں عمران خان کو جنرل باجوہ نے بتائی تھیں کہ آپ کا طوطا بہت باتیں کر رہا ہے۔ اب جبکہ عمران خان پر مشکل وقت آن پڑا ہے تو یہ باہر سے آئے لوگ ایک ایک کر کے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب نیب کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا ان کا ٹریک ریکارڈ دیکھتے ہوئے تبھی معلوم ہو گیا تھا کہ وہ پیش نہیں ہوں گے۔ نیب نے انہیں آدھا درجن تک نوٹس جاری کیے ہیں مگر وہ ایک بار بھی نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ عمران خان ایف آئی اے میں بھی کبھی پیش نہیں ہوئے۔ پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما اس وقت نظر نہیں آ رہے۔ پرویز الہیٰ، مونس الہیٰ، عثمان بزدار، پرویز خٹک، محمود خان، شبلی فراز، فردوس عاشق اعوان اور کئی دیگر ان میں شامل ہیں۔

پروگرام کے میزبان مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔