ایک بیان جاری کر دیں، یہاں بہت شور مچ جائے گا: عمران خان کی امریکی رکن کانگریس سے زوم کال میں درخواست

ایک بیان جاری کر دیں، یہاں بہت شور مچ جائے گا: عمران خان کی امریکی رکن کانگریس سے زوم کال میں درخواست
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے کوششیں جاری ہیں جس کے لیے انہوں نے مبینہ طور پر امریکا سے مدد  کی اپیل بھی کر دی ہے۔ عمران خان کی امریکا سے مدد مانگنے کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ہے۔

بیرونی سازش اور امریکی سائفر کے بیانیہ پر ملک میں انتشار پھیلانے کے بعد عمران خان نے مدد کے بھی امریکا کا دروازہ کھٹکھٹانا شروع کر دیا ہے۔منظر عام پر آنے والی لیک آڈیو میں واضح طور پر سنا جاسکتا ہے کہ مبینہ طور پر عمران خان امریکی کانگرس کے خاتون رکن میکسین مور واٹرز کے ساتھ زوم میٹنگ کررہے ہیں۔

آڈیو میں مبینہ طور پر عمران خان کی جانب سے امریکی خاتون کے سامنے پاکستان کی بدترین منظرکشی اور پاک فوج اور حکومت پر ہرزہ سرائی کی جارہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہاں پاکستان میں آرمی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں بہت بااثر اور طاقتور ہیں۔

عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی سیاسی ناکامی کا پورا ملبہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پرڈالتے ہوئے کہا کہ سابق آرمی چیف نے موجودہ حکمرانوں کے ساتھ سازش کر کے انہیں اقتدار سے نکالا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کاذمہ دار پاک فوج اور موجودہ حکمران اتحاد کو ٹھہرایا اور کہا کہ موجودہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کی وجہ سے میری زندگی خطرے میں ہے۔ مجھے گولیاں ماری گئیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے سب سے مقبول ترین لیڈر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکی کانگریس کی خاتون کو بتایا کہ 99 فیصد پاکستان میرے ساتھ ہے۔ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ التجاہے آپ میرے حق میں آواز اٹھائیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کو "بدترین کریک ڈاؤن" کا سامنا ہے اور  ان کے بقول ملک کی تاریخ میں کسی جمہوری جماعت نے ایسے کریک ڈاؤن کا سامنا  نہیں کیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ آپ کی مدد کی ضرورت ہے ہم صرف قانون کی حکمرانی اور آئین اور بنیادی حقوق چاہتے ہیں۔ ہم صرف ایک بیان چاہتے ہیں جس میں اس کریک ڈاؤن کو نمایاں کیا جائے اور یہ واقعی ہماری مدد کرے گا جب آپ جیسا کوئی بولے گا تو یہاں بہت شور مچ جائے گا.

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1659881604515528704