عمران خان شرم سے ڈوب مریں؛ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر

عمران خان شرم سے ڈوب مریں؛ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر
پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پی ٹی آئی کے 25 نام نہاد شہداء کے نام پر ساڑھے پانچ لاکھ امریکی ڈالرز اینٹھنے پر ڈوب مرنے کا مشورہ دے دیا۔

وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ لالچی خان نے فرضی لاشوں کا دعوی کر کے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے 5 لاکھ 34 ہزار ڈالرز بطور امداد لینے کا اعتراف کیا ہے۔ خان صاحب کو ایک کالے جھوٹ کی بنیاد پر ڈالرز ٹھگنے پر شرم سے ڈوب مرنا چاہئیے کیونکہ جس طرح انہوں نے 9مئی کو پاکستان بھرمیں شرانگیزی کی اور دفاعی اداروں پر حملے کئے وہ شرمناک حرکت ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان اور اسکے حواریوں کی جانب سے یہ فارن فنڈنگ بھی 9 مئی کی طرح انتشار اور فساد پھیلانے کیلئے استعمال ہوگی۔

عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کو پنجاب پولیس پر اسلحہ استعمال کرنے کی پابندی تھی تاکہ کسی بھی قسم کی خونریزی نہ ہو اس لئے عمران خان کی جانب سے 25 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔

https://twitter.com/MinisterInfoPb/status/1660955604796489728?s=20

علاوہ ازیں، پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے سوشل میڈیا پر جسٹس اعجاز بٹر کے حوالے سے کیے جانے والے پراپیگنڈے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج جسٹس اعجاز بٹر کے خلاف کوئی ریفرنس نہیں لا رہی۔

وزیر اطلاعات عامر میر  نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کیا جانے والا پراپیگنڈہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ پراپیگنڈے کا بنیادی مقصد حکومت اور عدلیہ کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

https://twitter.com/MinisterInfoPb/status/1660929279545286656?s=20

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔