'حالیہ پکڑ دھکڑ میں مسعود محمود جیسے سلطانی گواہ کی تلاش ہو رہی ہے'

'حالیہ پکڑ دھکڑ میں مسعود محمود جیسے سلطانی گواہ کی تلاش ہو رہی ہے'
وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دو سلطانی گواہوں کی گواہی پر دی گئی تھی۔ اس وقت ملک میں جو پکڑ دھکڑ جاری ہے اس میں مسعود محمود جیسے کسی سلطانی گواہ کی تلاش ہو رہی ہے۔ یہ کہنا ہے رضا رومی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے مبشر بخاری نے کہا آصف زرداری بھی لاہور پہنچ گئے ہیں اور کچھ لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ ایک دو روز میں کچھ لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔ 9 مئی کے فسادات میں ملوث لوگ پریس کانفرنس سے ڈرائی کلین ہو جائیں گے، جو قانون توڑا وہ سارے قصور پریس کانفرنس سے معاف ہو جائیں گے، یہ اصول اب چلنے والا نہیں۔

نادیہ نقی کا کہنا تھا کچھ دنوں سے عمران خان دفاعی پوزیشن میں نظر آ رہے تھے مگر آج ان میں اعتماد واپس آیا ہے، لگتا ہے کہ عمران خان کو عدلیہ سے امید نظر آ رہی ہے۔ 9 مئی اگر فوج کے لئے اتنا بڑا واقعہ ہے تو پھر چاہے لوگ پی ٹی آئی چھوڑ بھی رہے ہیں مگر انہیں سزا ملنی چاہئیے۔ ن لیگ 9 مئی کے واقعات سے محض شارٹ ٹرم فائدہ دیکھ رہی ہے، لمبے عرصے کے لئے اس کے نقصانات نہیں دیکھ رہی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا عمران خان کی سیاست میں بلف کا اہم مقام ہے۔ اس وقت عمران خان کو اگر کہیں سے امید ہے تو وہ ملک کے باہر سے اور آئی ایم ایف سے ہے۔

حسن ایوب خان نے کہا امید نہیں کہ تینوں ججز آڈیو لیکس کمیشن والے کیس سے خود کو الگ کر لیں گے۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے فیصلے کے خلاف حکومت اگر ریویو پٹیشن فائل کرتی ہے تو چیف جسٹس صاحب کو 8 رکنی سے بڑا بنچ بنانا پڑے گا۔

'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔