وزیراعلیٰ محسن نقوی کی لاہور میں جاری میگا ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی لاہور میں جاری میگا ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں جاری میگا ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور کے میگا پراجیکٹس پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن ڈی جی ایل ڈی اے، نیسپاک، ایف ڈبلیو او اور ڈی جی پی ایچ اے اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے، نوازشریف انٹرچینج انڈر پاس، کیولری سگنل فری روڈ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، ارفع کریم ٹاور، فیروز پور روڈ سے پائن ایونیو تک، ستوکتلہ نالہ اور مین بلیو وارڈ سے والٹن تک، سی بی ڈی پراجیکٹ پر رپورٹس وزیراعلیٰ کو پیش کی گئیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلاح عامہ کے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائن مقرر  کرتے ہوئے شہر بھر میں جاری تمام ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد مکمل کرنے اور نئے پراجیکٹس کے تعمیراتی کام کے آغاز کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ایئر پورٹ پر شجر کاری اور لینڈسکیپنگ پراجیکٹ کے لئے پی ایچ اے کو جلد ازجلد کارروائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے مال روڈ کی گرین بیلٹ کی حالت بہتر بنانے کے لیے بھی احکامات جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات  پر ترقیاتی پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ ایئرپورٹ پر رن وے کے ساتھ لینڈ سکیپنگ کی جائے گی۔ تمام چوراہوں اور سڑکوں پر شجرکاری کی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پراجیکٹس کے آغاز کے لئے ڈیزائن اور دیگر ضروری امور فی الفور طے کئے جائیں۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک کا بہترین پلان تیار کیا جائے۔ شہریوں کو آمد ورفت میں پریشانی سے بچانے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے متبادل روٹ تجویز کئے جائیں۔

 

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔