فرح 'گوگی'، احسن جمیل گجر کے اثاثوں میں 3 سال میں 420 فیصد اضافہ

فرح 'گوگی'، احسن جمیل گجر کے اثاثوں میں 3 سال میں 420 فیصد اضافہ
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے خلاف انکوائری میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پر 117 بنک اکاونٹس کا سراغ لگا لیا۔

نیب ذرائع کے مطابق  فرحت شہزادی اور احسن جمیل کے نام چار غیر ملکی بنک اکاونٹس کا سراغ بھی لگا لیا گیا۔ بزدار دور حکومت میں ساڑھے 4 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بھی نیب لاہور کو مل گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کے ساتھ بنی گالہ اسلام آباد میں 240 کنال اراضی کی خرید و فروخت ظاہر ہوئی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے مذکورہ بنی گالہ اراضی 530 ملین روپے میں حاصل کی۔

نیب کے مطابق دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں ہیں۔ سال 2021 میں ملزمہ فرح گوگی نے ایف بی آر کو کل 97 کروڑ کے اثاثہ جات ظاہر کئے تھے۔ فرحت شہزادی اور شوہر کی ملکیت 10 کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا ہے جو مبینہ طور پر مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں۔ تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرحت شہزادی کیلئے کام کرنے والے کیش بوائے کا سراخ بھی لگا لیا۔ کیش بوائے کا مجموعی طور پر 860 ملین کی کیش ٹرانسیکشن کا اعتراف جسکے شواہد نیب نے حاصل کر لئے۔

ریکارڈ کے مطابق فرحت شہزادی نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ وائیٹ کروائے۔ ایمنسٹی سکیم میں 32 کروڑ مالیت زرعی پیداوار کا حصول ظاہر کیا گیا جبکہ ملزمان کی ملکیت کوئی زرعی اراضی تھی ہی نہیں۔ فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے اثاثہ جات میں 3 سال کے دوران مبینہ طور پر 420 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران 1 ارب  سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں۔

ذرائع کےمطابق فرحت شہزادی اور شوہر کے نام دبئی میں ایک لگژری فلیٹ کا انکشاف بھی ہوا ہے جسے ایف بی آر میں ظاہر نہ کیا گیا۔فرحت شہزادی و شوہر ڈفینس لاہور میں 8 جائیدادوں کے مالک نکلے جس میں کمرشل پلازہ بھی شامل ہے۔بحریہ ٹائون لاہور میں کروڑوں مالیت کا 4 کنال کا پلاٹ بھی جائیداد میں شامل ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں 2 کنال کا بنگلہ ملزمان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب تحقیقات میں احسن جمیل گجر اورفرحت شہزادی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں۔

نیب نے فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کو 8 جون کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے فرح خان کو گرفتار کر کے پاکستان لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اور ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لئے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا۔

انٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست پر فرح گوگی کی لیگل ٹیم نے انٹر پول اور ایف آئی اے کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔