'پاپولیرٹی' کا واویلا کرنے والا آج خود تنہائی کا شکار ہے: سید حسن مرتضی

'پاپولیرٹی' کا واویلا کرنے والا آج خود تنہائی کا شکار ہے: سید حسن مرتضی
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ اس بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ہم نے پارٹیاں بچانے کی بجائے معیشت بچانے کو ترجیح دی ہے۔ اتحادی حکومت ایک سال تک معیشت ٹھیک کرنےکی کوشش کرتی رہی ہے۔

سید حسن مرتضی سینٹرل سیکرٹریٹ میں پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن، اسلم گل، نیلم جبار اور میاں ایوب کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رانا عرفان، علامہ یوسف اعوان، چودھری اختر، احسن رضوی، ممتاز مون خان، عمر شریف بخاری،شاہدہ جبیں، عاطف رفیق چودھری بھی موجود تھے۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ سابق صدر پارٹی کی ریوائیول کیلیے لاہور میں رہ کر سیاست کریں گے۔پاپولیرٹی کا واویلا کرنے والا آج خود تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔سیاستدان اس طرح نہیں روتے جس طرح وہ زمان پارک میں رو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کہتا ہے کہ میرا سیاست میں آنے کا فیصلہ غلط ہے۔ اس نے عوام کے بچوں کو اپنے والدین سے الگ کر کے جیلوں میں ڈلوا دیا۔ اور اپنے بچے بیرون ملک رکھے ہوئے ہیں۔ تحقیق کریں۔ کون سی جماعت سیاسی اور کونسی عسکریت پسند ہے۔ سیاست کرنا ان کا حق ہے مگر ملکی آئین اور قانون کے مطابق۔ پاکستان دو نہیں ایک ہے۔ حقدار کو ریلیف ملنا چاہیے۔

حسن مرتضی نے کہا کہ عام آدمی کو سوچنا چاہیے کہ اس کے بچے کو کیوں ایندھن بنایا گیا۔ پیپلز پارٹی نے اس مرتبہ کراچی میں پارٹی کو مضبوط بنایا ہے۔ میئر کراچی کا فیصلہ جمہوری ہو گا اور یہ پیپلز پارٹی کا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ آج پیش ہو رہا ہے حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے۔آج عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ کاشتکار کی ان پٹس مہنگی ہو چکی ہیں۔ کھاد، زرعی ادویات خرید سے باہر ہو چکے ہیں۔کسان کے گھر کی گندم اور بیج بھی اٹھا لیا جاتا ہے۔ یہ پالیسی تبدیل کرنیکی ضرورت ہے۔ زرعی پالیسی بناتے وقت کاشتکار تنظیموں کو اعتماد میں لیں۔ 3 ماہ گزرنے کے باوجود گنے کے کاشتکاروں کو واجبات نہیں ملے۔

میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت اور معیشت کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔ آصف زرداری نے میثاق معیشت کی بات کر کے تمام کاروباری طبقے کو اعتماد میں لیا ہے۔ آئندہ بجٹ اور انتخابی منشور میں میثاق معیشت ترجیح ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس کیلیے اچھا بجٹ دینا بہت ضروری ہے۔ پاکستان میں کارکنوں کی واحد جماعت پیپلز پارٹی ہے۔ باقی نے کارکنوں کو صرف استعمال کیا ہے۔

ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ 'گل ودھ گئی ہے' کہ کسی کے فون ٹیپ نہیں ہونے چاہیئیں۔بالآخر سب کو جمہوریت کی طرف جانا ہو گا۔ میثاق جمہوریت کو مک مکا قرار دینےوالے بالآخر اس میں شامل ہوں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جس جماعت کی سیاسی جڑیں ہوتی ہی۔ وہ باقی رہتی ہے۔بھٹو کی شہادت کے بعد بڑے تلخ لوگوں کیساتھ بیٹھنا پڑا۔ندیم افضل چن نے کہا کہ انتخابی اتحاد کا فیصلہ پیپلز پارٹی قیادت  کرے گی۔ہمارے دروازے سب کیلیے کھلے ہیں۔چادر چار دیواری کا تحفظ ،عدل کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔