وزیراعلیٰ محسن نقوی کا  پنجاب سمر گیمز میں 34کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا  پنجاب سمر گیمز میں 34کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے پنجاب سمر گیمز میں 34 کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب سمر گیمز 2023 کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی سپورٹس، ڈائریکٹر سپورٹس، ڈائریکٹر یوتھ افیئر اور دیگرحکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں پہلی مرتبہ پنجاب سمر گیمز میں 34 کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب سمر گیمز میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، شوٹنگ بال، اتھیلٹکس، سنوکر، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیمز کو مجموعی طورپر ایک ارب 32 کروڑ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے۔

یونین کونسل سے صوبائی سطح تک 5 لیول پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر 8 گیمز کے مقابلے ہوں گے اور تحصیل لیول پر مزید 7 کھیل شامل ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ لیول پر 4 اور ڈویژنل لیول پر مزید11 کھیل شامل کئے جائیں گے۔ صوبائی سطح پر مزید 7 کھیل شامل کئے جائیں گے۔ تمام متعلقہ کلب اور ایسوسی ایشنز کو پنجاب سمر گیمز میں شامل کیا جائے گا۔

یونین کی سطح پر 12 سے 28 جولائی اور تحصیل لیول پر یکم اگست سے 10 اگست تک مقابلے ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ لیول پر 16سے 20 اگست اور ڈویژنل لیول پر 26 سے 30 اگست تک مقابلے ہوں گے۔ تمام کھیلوں کے 6 سے 12 ستمبر تک 7 روزہ فائنل مقابلے ہوں گے۔ صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ، تحصیل او ریونین کی سطح پر ایڈمنسٹریٹو کمیٹیاں قائم ہوں گی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔