پاکستان اور بھارت کی جنگ ہوئی تو کروڑوں انسان مریں گے، امریکی رپورٹ میں انکشاف

پاکستان اور بھارت کی جنگ ہوئی تو کروڑوں انسان مریں گے، امریکی رپورٹ میں انکشاف
امریکہ سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو کروڑوں انسان لقمہ اجل بن جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ تصادم انسانی تاریخ کا ہلاکت خیز ترین تنازعہ ثابت ہو گا۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو پر ایک ریسرچ رپورٹ شائع کی گئی ہے، جو امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے جاری ہوئی ہے۔ اس ریسرچ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تصادم انسانی تاریخ کا آج تک کا ہلاکت خیز ترین تنازعہ ثابت ہو گا۔ ایسی کسی ممکنہ جنگ میں بہت سے ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت اتنا گر جائے گا کہ برف کے زمانے کے بعد سے کرہ ارض کو اتنے کم درجہ حرارت کا کبھی کوئی تجربہ ہی نہیں ہوا ہو گا۔



رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ممکنہ جنگ فوری طور پر دس کروڑ انسانوں کی موت کی وجہ بنے گی اور اس کے بعد دنیا کو وسیع تر پیمانے پر بھوک اور فاقوں کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کی وجہ یہ ہو گی کہ جوہری ہتھیاروں سے حملوں کے بعد اتنے بڑے اور گہرے تاریک بادل فضا میں موجود ہوں گے کہ کم از کم ایک عشرے تک سورج کی روشنی زمین پر نہیں پہنچ پائے گی اور عالمگیر سطح پر زرعی شعبہ تباہ ہو کر رہ جائے گا۔