عمران خان کی 67ویں سالگرہ، ٹویٹر پر بھی مبارکباد ٹاپ ٹرینڈ

عمران خان کی 67ویں سالگرہ، ٹویٹر پر بھی مبارکباد ٹاپ ٹرینڈ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سربراہ عمران خان نے عمر کی 67 بہاریں دیکھ لیں، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد آج وہ اپنی دوسری سالگرہ منا رہے ہیں۔ عمران خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

عمران خان کی سالگرہ پر ان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک ہیں اور انہوں نے کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان میں ٹویٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ (# HappyBirthdayImranKhan) بن گیا ہے۔

عمران خان کو تحریک انصاف کے رہنماﺅں، وزراء اور عام افراد نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے بھی ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

کپتان کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔

عمران خان نے کرکٹ کی دنیا میں خوب نام کمایا، عالمی کپ سمیت کئی بڑے ٹورنامنٹ جیتے جس کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھا تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 2018 کے انتخابات میں‌ عمران خان کی قیادت میں‌ پی ٹی آئی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی اور 17 اگست کو عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔