قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مزید دو واقعات، 3 ملزم گرفتار

قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مزید دو واقعات، 3 ملزم گرفتار
قصور کی تحصیل پتوکی میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مزید دو واقعات سامنے آئے ہیں، پولیس نے کارروائی کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔

پتوکی پولیس کے مطابق رضا آباد کے رہائشی جنید نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ اس کے بھائی کو ملزمان رمیض، اشفاق، ناظم اور دیگر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکے کے بھائی نے بتایا کہ ملزمان نے نازیبا حرکات کی ویڈیو اور تصاویر بھی بنائیں اور متاثرہ لڑکے کو بلیک میل کیا۔

پولیس نے کارروائی کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے موبائل سے نازیبا ویڈیو بھی برآمد کر لی ہے جب کہ دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایک اور کارروائی میں پتوکی ہی کے علاقے منڈیانوالا میں سات سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم بابر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ قصور کی تحصیل چونیاں میں چار بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کے لرزہ خیر واقعات سامنے آئے تھے۔