کیا اقرا عزیز عالیہ بھٹ کے نقش قدم پر چل رہی ہیں؟

کیا اقرا عزیز عالیہ بھٹ کے نقش قدم پر چل رہی ہیں؟
جیسے جیسے دنیا ترقی کر رہی ہے میڈیا میں بھی جدت آتی جا رہی ہے اور اب روایتی میڈیا سے زیادہ طاقتور پلیٹ فارم سوشل میڈیا بن گیا ہے جس کی اہمیت فنکار بھی سمجھ گئے ہیں۔

چند ماہ قبل بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا کی اہمیت کا اندازہ لگاتے ہوئے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا تھا جس میں انہوں نے بیوٹی ٹپس اور ٹونے ٹوٹکے بتانے کے بجائے کہا تھا کہ وہ یہ چینل اپنی زندگی کی روزمرہ کی معلومات لوگوں تک پہنچانے کے لیے بنا رہی ہیں اور اب پاکستان کی خوبرو اداکارہ اقرا عزیز نے بھی اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر دیا ہے۔

اقرا عزیز ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ انسٹاگرام پر فعال رہنے والی اداکارہ نے اب ڈیجیٹل دنیا میں ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے۔ اقرا عزیز نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اعلان انسٹا گرام پر کیا، جبکہ اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی ویڈیو بھی ریلیز کر دی ہے۔

اگر عالیہ بھٹ اور اقرا عزیز کے یوٹیوب چینل کا موازنہ کیا جائے تو دونوں کے مواد میں بے حد مماثلت نظر آتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اقرا عزیز کا یوٹیوب چینل عالیہ بھٹ کے چینل سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔

اقرا عزیز اب یوٹیوب پر ویڈیوز کے ذریعے نا صرف لوگوں کو تفریح فراہم کریں گی بلکہ اس کے ذریعے پیسے بھی کمائیں گی۔