غیر ملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی چاروں درخواستیں مسترد کر دیں

غیر ملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی چاروں درخواستیں مسترد کر دیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسکروٹنی کمیٹی کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کے آڈٹ پر حکمراں جماعت کی جانب سے کیے گئے اعتراضات کی 4 اپیلوں کو مسترد کر دیا اور پی ٹی آئی کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔



چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ بینچ نے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اسکروٹنی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کا حکم دیا اور تحریک انصاف کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے 14 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے پارٹی میں اندرونی کرپشن اور سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کے غلط استعمال پر اختلاف کے بعد پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں ای سی پی میں غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس دائر کیا تھا۔



الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے باغی رہنما اور درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ الحمد اللہ آج بھی پی ٹی آئی کی چاروں درخواستوں کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے اعتراضات درخواستیں تاخیری حربے ہیں جو کیس سے بھاگنے کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے مجھے کیس سے الگ کر کے اپنے نتائج حاصل کر سکیں گے، کارروائی خفیہ رکھنے کا عمل سمجھ سے بالاتر ہے، حقائق سامنے آگئے تو یہ کیس پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل کر رکھ دے گا، لوگوں کو پتہ چلے گا اس فنڈنگ کے پیچھے کون ہے۔