''علما نے جب بھی تحریک چلائی ملک میں مارشل لا لگا''

''علما نے جب بھی تحریک چلائی ملک میں مارشل لا لگا''
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک میں جب بھی علما نے تحریک چلائی ہے مارشل لا لگا ہے۔ مولانا جن کے اشاروں پر کھیلنے جا رہے ہیں، ان کی سیاست بھی تباہ و برباد ہونے جا رہی ہے، یہ بہت نازک وقت ہے اور مذاکرات کے دروازے بند کرنا ملک کی جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اس مرتبہ جمہوریت کو شب خون لگا تو پھر ان کے کیسز کے فیصلے جو سال سال سے چل رہے ہیں، ان کا چٹ منگنی اور پٹ بیاہ کی صورت میں ہوں گے اور 400 سے 600 لوگ اس کی بھینٹ چڑھیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے اور گاؤں کے سارے سیاسی چوہدری مر بھی جائیں تو مولانا فضل الرحمان کو اقتدار نہیں مل سکتا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا امریکا کو کہتے تھے مجھے لاؤ، قوم ابھی وہ نہیں بھولی جب مولانا امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ تمام سیاست دان ایک این آر او کی مار ہیں لیکن عمران خان یہ این آر او دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ملکی حالت پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایسے خوشگوار حالات ہیں کہ وزیراعظم اور پاک فوج کے سپہ سالار ایک پیج پر ہیں اور یہ ایک ہی جمہوری گاڑی کے دو پہیے ہیں، جنہیں فضل الرحمان کے ہاتھوں ڈی ریل کرنے کی ناکام کوشش کروانا چاہتے ہیں۔