بیلجئیم میں پہلی مرتبہ خاتون وزیراعظم مقرر

بیلجئیم میں پہلی مرتبہ خاتون وزیراعظم مقرر
یورپی ملک بیلجئیم کی 189 سالہ جمہوری تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو وزیراعظم کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بیلجئیم میں پہلی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر ایک خاتون کو تعینات کیا گیا ہے۔ تاہم، یہ تعیناتی عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے کے بعد نہیں بلکہ بیلجئیم کے بادشاہ کے حکم پر کی گئی ہے۔



مئی 2019 میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی جماعت کے پاس واضح اکثریت نہ ہونے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے متحد حکومت بنانے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب بادشاہ نے 44 سالہ صوفی ولیمز کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم تعینات کیا ہے۔

واضح رہے کہ بیلجئیم میں گذشتہ برس دسمبر سے کوئی بھی منتخب حکومت نہیں اور رواں برس مئی میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت نے حکومت بنانے کے لیے مطلوب نشستیں حاصل نہیں کی تھیں۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق صوفی ولیمز سابق نگراں وزیراعظم چارلز مشیل کی جگہ لیں گی۔