بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش: ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران دو کھلاڑیوں کی حالت غیر

بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش: ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران دو کھلاڑیوں کی حالت غیر
بنگلہ دیش اور بھارت کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران دو بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی حالت غیر ہو گئی تھی۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران سموگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے سومیہ سرکار اور ایک اور کھلاڑی کی حالت غیر ہو گئی اور انہیں الٹیاں بھی ہوئیں۔

کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ نئی دلی کی فضائی آلودگی تھی۔

بی سی سی آئی کے سربراہ ساروو گنگولی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میچ سے دو تین روز قبل ہم نے مقامی انتظامیہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں میچ ہو سکتا ہے، ہم آخری لمحات میں میچ منسوخ نہیں کر سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کے بعد اور سردیوں کے آمد کے ساتھ شمالی علاقوں میں صورتحال تھوڑی مشکل ہوتی ہے، ہم آئندہ ان علاقوں میں میچ شیڈول کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں گے۔

دوسری جانب کرکٹ شائقین بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے فضائی آلودگی اور دیوالی کے فوری بعد نئی دلی میں میچ رکھنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔