پشاور، پاکستان کے پہلے سِکھ نیوز کاسٹر کا بھائی نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل

پشاور، پاکستان کے پہلے سِکھ نیوز کاسٹر کا بھائی نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد نے پاکستان کے پہلے سکھ نیوز کاسٹر ہرمیت سنگھ کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

نامعلوم افراد ملائشیاء پلٹ کپڑے کے جواں سال سکھ تاجر کی لاش تھانہ چمکنی کی حدود میں پھینک کر فرا ر ہو گئے، یویندر سنگھ ایک ماہ قبل پاکستان آیا تھا، مقتول کی چند رو ز بعد شادی طے تھی جو شانگلہ سے خریداری کے لئے پشاور آیاتھا۔ ٗتاجر کو سر میں ایک گولی فائر کی گئی تھی ٗایس ایس پی آپریشنز نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی۔

تھانہ چمکنی میں تعینات اے ایس آئی جلال الدین کی جانب سے کی جانے والی رپورٹ کے مطابق دوران گشت اسے اطلاع ملی کہ جی ٹی روڈ نیو سٹی ہوم کے قریب سڑک کے کنارے ایک لاش پڑی ہے جسے سر میں ایک فائر کرکے قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ منتقل کردی۔


مقتول کی جیب سے برآمد ہونے والے پاسپورٹ سے اس کی شناخت یویند ر سنگھ ولد اتم رام سنگھ سکنہ چکیسر ضلع شانگلہ کے نا م سے ہوئی پولیس کے مطابق اس دوران تویندر سنگھ ولد اتم سنگھ نے تھانہ آکر پولیس کو بتایا کہ لاش اس کے بھائی یویندر سنگھ کی ہے۔ مدعی نے پولیس کو مزید بتایا کہ پانچ جنوری کو رات ایک بجے کے قریب اس کے بھائی یویندر سنگھ کے موبائل سے اسے کال آئی جس پر نامعلوم شخص نے بتایا کہ اس نے میرے بھائی یویندر سنگھ کو دو ساتھیوں سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔