اسلام آباد: کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ماسک نایاب، ’مزید سٹاک کب آئے گا، علم نہیں‘

اسلام آباد: کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ماسک نایاب، ’مزید سٹاک کب آئے گا، علم نہیں‘
اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ماسک کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کراچی میں ماسک کا ڈبہ جس کی قیمت سو روپے سے دو سو روپے کے درمیان ہوتی ہیں، وہ ٖڈیڑھ سے دو ہزار روپے میں فروخت کیا جانے لگا ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد کی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ماسک کی قیمتوں کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔

اسلام آباد کے شہریوں نے نیا دور کو بتایا کہ اسلام آباد میں ماسک مل ہی نہیں رہے جس کی وجہ سے شہری کافی پریشان ہیں۔ جب کہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ماسک ختم ہو گئے ہیں اور مزید سٹاک کب آئے گا، اس بارے میں وہ خود بھی لا علم ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو اس معاملے پر بھی توجہ دینا ہوگی کہ آیا یہ عدم دستیابی مصنوعی ہے یا اصل۔ شہریوں نے حکومت سے درخواست بھی کی کہ ماسک کی دستیابی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔