جیو چینل نے عورت سے بد تمیزی پر خلیل رحمان قمر کے ساتھ تمام معاہدے منسوخ کردیئے

جیو چینل نے عورت سے بد تمیزی پر خلیل رحمان قمر کے ساتھ تمام معاہدے منسوخ کردیئے
آخر کار خلیل الرحمان قمر کا اپنے کئے کی سزا ملنا شروع ہوئی ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملک کے بڑے انٹرٹینمنٹ چینل جیو انٹرٹینمنٹ سمیت سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے ماروی سرمد سے بدزبانی اور گالم گلوچ  پر معافی مانگنے تک خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جیو کے ترجمان کے مطابق ' جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے 4 ڈرامہ سیریلز اور ایک فلم کا اسکرپٹ لکھنے کے لیے خلیل الرحمان قمر سے معاہدہ کیا تھا جو کہ نان ایکسکلوزو معاہدہ تھا جیسا کہ ان کا دیگر ٹی وی چینلز کے ساتھ بھی موجود ہے'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ " خلیل الرحمان قمر نے نہ صرف ایک خاتون کے ساتھ بدزبانی کی بلکہ اپنی غلطی ماننے اور اس پر معافی مانگنے سے بھی انکار کیا۔ اسی لیے جیو انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ نے ان کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"

یاد رہے کہ متنازعہ مصنف نے دو روز قبل نیو نیوز کے پروگرام میں ماروی سرمد کوعورت مارچ کے موضوع پر بحث کے دوران گالیاں دیں تھیں۔