صحافی برادری ہوشیار! پاکستان میں پہلے صحافی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

صحافی برادری ہوشیار! پاکستان میں پہلے صحافی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی
وزیر آباد: صحافی حضرات رپورٹنگ کے لئے سارا دن مارے مارے پھرتے ہیں اور ان کو نہ تو تمام سہولیات دی جاتی ہیں اور پاکستان جیسے ممالک میں تو مختلف قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے ٹریننگ بھی نہیں دی جاتی۔ زلزلے کی رپورٹنگ کیسے کی جاتی ہے، خواتین سے متعلق رپورٹنگ میں کن پہلوؤں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، اور آج کل کورونا وائرس پھیل رہا ہے تو اس کی موجودگی میں کس طرح اپنی حفاظت کرنی ہے، کسی کو علم ہی نہیں ہوتا۔

آج پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلے صحافی کے بیمار ہونے کی خبر آئی ہے۔ صحافی کا نام فلک شیر ہے اور وہ وزیر آباد پریس کلب کے سیکرٹری اطلاعات بھی ہیں۔

فلک شیر وزیر آباد کے رہائشی ہیں اور اب تک نیوز کے لئے رپورٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے اب سے قریب ایک گھنٹہ قبل فیسبک کے ذریعے اس امر کی تصدیق کی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’عالمی وبا وزیرآباد پہنچ چکی ہے جس کی تصدیق میرے ٹیسٹ کے بعد ہوئی کیونکہ میری بیرون ملک کوئی ٹریول ہسٹری نہیں صرف نزلہ زکام، پیٹ میں درد اور موشن لگے تھے۔ اس کے علاوہ کوئی علا مت نہیں۔ یہاں تک کہ بخار بھی نہیں ہوا۔ تمام دوست میری صحت یابی کی دعا کرو‘‘۔



پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 730 کیس سامنے آ چکے ہیں جن میں سے تین افراد کی وفات ہو چکی ہے۔ 396 لوگوں کا تعلق سندھ، 137 پنجاب، 104 بلوچستان، 56 آزاد کشمیر و گلگت بلتستان، 27 خیبر پختونخوا جب کہ 10 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سات روز میں پاکستان میں 680 کیس سامنے آ چکے ہیں اور ان کی تعداد مستقل تیزی سے بڑھ رہی ہے۔