کراچی: راشن کی تقسیم کے دوران فائرنگ سے خاتون جاں بحق، 4 پولیس اہلکار گرفتار

کراچی: راشن کی تقسیم کے دوران فائرنگ سے خاتون جاں بحق، 4 پولیس اہلکار گرفتار
کراچی میں پیر الہی بخش کالونی پولیس نے راشن کی تقسیم کے دوران ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، جس سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ خاتون کے قتل کے الزام میں 4 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ڈان نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق پی آئی بی پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ منگل کی رات کو علاقے میں غریبوں میں راشن کی تقسیم کے دوران 2 تنظیموں کے ورکرز کے دوران جھگڑے کے بعد پولیس کی ہوائی فائرنگ سے ایک خاتون کے جاں بحق ہونے پر ان پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔

اس حوالے سے علاقے کے ایس ایچ او شاکر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ 2 مقامی ویلفیئر آرگنائزیشن شاہ ویلفیئر اور نشتر بستی ویلفیئر نے مذکورہ علاقے نشتر بستی میں پولیس یا ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیے بغیر راشن تقسیم کرنے کا انتظام کیا۔ تاہم ان کے مطابق عوام میں مبینہ طور پر راشن کی تقسیم کے دوران دونوں تنظیموں کے رضاکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے تاکہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکا جائے۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہجوم میں موجود کچھ افراد نے 4 پولیس اہلکاروں کو دھکا دیا جس پر انہیں منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی، اسی دوران ایک خاتون صبا نعمان جو اپنے کمرے کی کھڑکی میں کھڑی تھیں وہ زخمی ہوگئیں۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ خاتون کو سر میں ایک گولی لگی جس پر انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسیں، بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے ان کی لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز کی رپورٹ اور گھر والوں کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ قتل کے الزام میں حراست میں لیے گئے چاروں پولیس اہلکاروں کو باضابطہ طور پر چارج شیت میں نامزد کریں۔

علاوہ ازیں ایس ایس پی شرقی تنویر عالم نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والی خاتون کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ کیس میں قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔ اس لیے پولیس اہلکاروں کے خلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا کیونکہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔