کرونا وائرس کی صورتحال تشویشناک: سندھ میں جمعہ کے وقت مکمل لاک ڈاؤن،تراویح کے اجتماعات پر پابندی عائد

کرونا وائرس کی صورتحال تشویشناک: سندھ میں جمعہ کے وقت مکمل لاک ڈاؤن،تراویح کے اجتماعات پر پابندی عائد
سندھ میں کرونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث سندھ حکومت نے مزید سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان اقدامات میں آج جمعہ کے وقت 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاون ہوگا اور شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ ساتھ ہی رمضان میں مساجد میں نماز تراویح میں عوام کی شرکت پر پابندی عائد کرتے ہوئے صرف مساجد کے سٹاف کو تراویح کی نماز قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

رات گئے وزیر اعلی' سندھ کے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انکا کہنا تھا کہ کرونا کی صورتحال آئے روز تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔ اگلے دو ہفتے اس حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹروں کے مشورے سے یہ فیصلے لئے ہیں۔ رمضان میں مساجد کھلی رہیں گی۔ مگر وہاں تراویح میں صرف مساجد کے سٹاف کے 4 سے 5 کو ہی نماز قائم کرنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال میں حکومت سے تعاون کریں۔ حکومت کو یہ فیصلے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے لینے پڑ رہے ہیں ۔یاد رہے کہ سندھ کے ڈاکٹروں نے گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں صورتحال کے خراب ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ فوری طور پر سخت لاک ڈاون کیا جائے کیونکہ اگر یہ مزید پھیلا تو ہمارے پاس مریضوں کو سنبھالنے کے وسائل نہیں ہوں گے۔ پاکستان میں اب تک کیسز کی تعداد 11 ہزارسے بڑھ گئے ہیں جبکہ 237 اموات ہو چکی ہیں۔