نرس کے فرائض انجام دینے والی دو جڑواں بہنیں کرونا وائرس سے ہلاک

نرس کے فرائض انجام دینے والی دو جڑواں بہنیں کرونا وائرس سے ہلاک
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی دو جڑواں بہنیں کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بچوں کی نرس 37 سالہ کیٹی ڈیوس کا چند روز قبل ساوتھمپٹن جنرل ہسپتال میں انتقال ہوا۔ کیٹی ڈیوس کے انتقال کے صرف دو روز بعد ہی ان کی جڑواں بہن اور سابق نرس ایما ڈیوس کا بھی اسی ہسپتال میں کرونا کے باعث انتقال ہوا۔

ان کی بہن ذوئی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ دونوں ہمیشہ کہتی تھی کہ اس دنیا میں ایک ساتھ آئیں تھی اور ایک ساتھ ہی اس دنیا سے جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں جڑواں بہنیں کئی اور بیماریوں کا بھی شکار تھیں اور کچھ عرصے سے دونوں کی طبیعت ٹھیک نہیں رہتی تھی۔ ذوئی کے مطابق میرے پاس الفاظ نہیں یہ بتانے کے لیے کہ وہ دونوں کتنی خاص تھیں۔ کیٹی اور ایما صرف لوگوں کی مدد کرنا چاہتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق کیٹی ڈیوس میں کرونا کی تشخیص بھی چند روز قبل ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا، تاہم وہ اس وائرس سے بچ نہ سکی۔ ہسپتال کے عملے نے بھی کیٹی کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ایک بہترین نرس تھیں اور ان کے لیے ان کا کام صرف نوکری نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر تھا۔

ایما ڈیوس نے بھی اس ہی ہسپتال میں نرس کے طور پر 9 سال کام کیا تاہم 2013 میں انہوں نے نوکری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ہسپتال کے عملے نے ایما ڈیوس کی بھی تعریف کی جبکہ ان کے خاندان والوں سے اظہار افسوس بھی کیا۔

خیال رہے کہ اب تک برطانیہ کی 50 نرسز کرونا وائرس کے باعث اپنی جان گنوا چکی ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے اب تک 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 43 ہزار افراد میں اب تک اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔