عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ، وزارت خارجہ نے حکومتی اقدامات کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا

عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ، وزارت خارجہ نے حکومتی اقدامات کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا
سندھ ہائی کورٹ نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق وزارت خارجہ کے جواب جمع کرانے پر درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، دوران سماعت وزارت خارجہ کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ اچھے برتاؤ سے متعلق معاملہ اٹھایا ہے، ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ جیل میں برے سلوک پر امریکی حکام نے تحقیقات بھی کیں، تحقیقات پر جیل کے ایک لوکل سٹاف کو ہٹایا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ کئی مرتبہ اعلی سطح پر اٹھایا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی دستخط شدہ رحم کی اپیل امریکی صدر کو مارچ 2020 کو بھیجی جا چکی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو صورتحال سے باقاعدہ آگاہ کر رہے ہیں۔

عدالت نے وزارت خارجہ کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل کو 5 مئی تک جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔