کرونا وائرس کی تباہ کاریاں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی، ڈی ای او ایجوکیشن لاہور جاں بحق،بلوچستان این ڈی ایم اے کے سربراہ، سینیٹر کرونا میں مبتلا

کرونا وائرس کی تباہ کاریاں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی، ڈی ای او ایجوکیشن لاہور جاں بحق،بلوچستان این ڈی ایم اے کے سربراہ، سینیٹر کرونا میں مبتلا


پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔








جیو نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی میاں جمشید الدین ایک ہفتے سے اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور تین روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔





میاں جمشیدالدین کاکا خیل 2018 کے انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 63 سے کامیاب ہوئے تھے اور وہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں ڈی ای او ایلیمنٹری اسکولز ایجوکیشن لاہور ڈاکٹر رائے افضال حسین کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے ہیں۔


محکمہ صحت پنجاب کے مطابق رائے افضال حسین میں 27 مئی کو نجی لیبارٹری سے کرائے گئے ٹیسٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں میو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


جیو نیوز کے مطابق رائے افضال حسین کو تشویشناک حالت میں میو اسپتال سے لاہور کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ محکمہ صحت کے مطابق رائے افضال حسین کی اہلیہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ ترجمان محکمہ تعلیم پنجاب نے بتایا کہ ایجوکیشن کمپلیکس ہال روڈ لاہور کے 3 ملازمین بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔


 بلوچستان میں پچھلے 3 ماہ سے کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون خود کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان عمران زرکون  نے طبعیت ناساز ہونے پرکرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ عمران زرکون نے کہا کہ کرونا کی تصدیق کے بعد خود کو گھر پرآئسولیٹ کرلیا ہے۔


پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی انتقال کر گئے تھے جب کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی ف کے رہنما امتیاز قمر کا بھی گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا ہے. سندھ کے صوبائی وزیر برائے کچی آبادی بھی کرونا کی وجہ سے وفات پا چکے ہیں