پاکستان نے کرونا کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی منظور

پاکستان نے کرونا کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی منظور
پاکستان نے عالمگیر وبا کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے کووڈ-19 ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، جسے پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے بھی منظور کر لیا ہے۔

کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے ایک ٹویٹ کی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے ایک اور کامیابی حاصل کر ہے، پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پاکستان میں بننے والی کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری دے دی ہے۔



فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اور ٹیکنالوجی (نسٹ) کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نسٹ اور ہمارے سائنسدانوں کو مبارک ہو، آپ لوگوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی پہلی کووڈ-19 ٹیسٹنگ کٹ کی مدد سے کرونا وائرس کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے ہم درآمدات سے بھی بچ سکیں گے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 2 ہزار 400 سے زائد ہے۔