وزیراعظم عمران خان کی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت، ذرائع

وزیراعظم عمران خان کی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت، ذرائع
وزیراعظم عمران خان نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو ایک بار پھر پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، تاہم اعتزاز احسن نے وزیراعظم کی پیشکش قبول کرنے سے ایک بار پھر معذوری ظاہر کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روز قبل لاہور کے علاقے زمان پارک میں اپنے پرانے محلے دار چوہدری اعتزاز احسن کے گھر ان کے بڑے بھائی پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احسن کی وفات پر تعزیت کرنے گئے تو اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان نے چوہدری اعتزاز احسن سے خواہش ظاہر کی کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں، تاہم بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن نے اسے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے معذرت کر لی اور خود پر اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک بار پہلے بھی اعتزاز احسن کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی پیشکش کرچکے ہیں اور اب انہوں نے چوہدری اعتزاز احسن کو پی ٹی آئی 'جوائن' کرنے کی دوبارہ پیشکش کی ہے۔

سنجیدہ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کم از کم جب تک پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت میں سے آصف زرداری حیات ہیں، اعتزاز احسن پارٹی تبدیل نہیں کریں گے کیونکہ ان پر سابق صدر مملکت کے کافی ذاتی احسانات ہیں۔

ذرائع کے مطابق کپتان نے سنجیدہ سیاسی شخصیات کو ساتھ ملانے کے لئے رابطے شروع کر دیے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے لاڑکانہ کے دورہ کے موقع پر ممتاز بھٹو کے بیٹے یا سندھ کی کسی دوسری اہم شخصیت کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان خارج از امکان نہیں۔