کرپشن 4 گنا بڑھ گئی،کام صفر، یوں الیکشن میں برا سلوک ہوگا: تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی اپنی حکومت پر برس پڑے

کرپشن 4 گنا بڑھ گئی،کام صفر، یوں الیکشن میں برا سلوک ہوگا: تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی اپنی حکومت پر برس پڑے

فیصل آباد سے تحریک انصاف منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض اور ایم این اے خواجہ شیراز اپنی ہی حکومت پر برس پڑے ہیں۔ 


پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض اور خواجہ شیراز  معروف صحافی حامد میر کے پروگرام میں شریک تھے۔  'کیپٹل ٹاک' میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے جو کرپشن 10 ہزار کی تھی وہ آج 30 ہزار  پر پہنچ گئی ہے۔ لوگ ہم سے کاموں کے بارے میں پوچھتے ہیں دل ہی نہیں چاہتا کہ دفتر جائیں یا کسی عوامی پلیٹ فارم پر جائیں ہمارے پاس لوگوں کو بتانے کے لئے ہے کیا۔ تمام معاملات پر بیوروکریسی کی بالادستی ہو گئی ہے۔ جتنی بیوروکریسی آج مضبوط ہے کبھی بھی نہیں تھی۔

 پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز محمود نے انکشاف کیا کہ انکے حلقے میں ضلع کونسل کا ایک رکن بھی غریبوں کے لیے رکھے احساس پروگرام سے 12 ہزار روپے لے اڑا۔ انکی شکایت کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی کارروائی وزیر پارلیمانی امور کے بجائے غیر منتخب مشیر بابر اعوان چلا رہے ہیں جو کہ منتخب لوگوں کی توہین ہے۔ 

راجہ ریاض نے وزیراعظم کے مشیروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی حلقہ نہیں، جس دن حکومت گئی یہ اٹیچی کیس اٹھا کر چلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سیاست دانوں کو جانا ہے، وہ خود ہر روز اپنے ڈیرے پر بیٹھتے ہیں، معلوم ہے لوگ کتنا ناراض ہیں، اگلے الیکشن میں ہم سے بہت برا سلوک ہو گا۔