پاکستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، عالمی رپورٹ میں انکشاف

پاکستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، عالمی رپورٹ میں انکشاف
عالمی آبادی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی کا تخمینہ 22 کروڑ 90 لاکھ ہے اور اس میں سالانہ شرح پیدائش 3.6 بچے فی جوڑے کے حساب سے تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکی آبادی ریفرنس بیورو واشنگٹن کے ذریعے جاری کردہ 2020 ورلڈ پاپولیشن ڈیٹا شیٹ کے مطابق آج دنیا کی مجموعی آبادی 7 ارب 80 کروڑ ہے۔ اس رپورٹ میں جنوبی ایشیا کو دنیا اور خطے کے اندر تیزی سے بڑھنے والے خطوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اس خطے میں افغانستان اور پاکستان کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے طور پر بتایا گیا ہے۔

افغانستان کی شرح پیدائش پاکستان کے مقابلے میں زیادہ تیز ہے، جو 4.5 بچے فی جوڑے کے حساب سے ہے تاہم موت کی شرح زیادہ ہونے اور متوقع عمر کم ہونے کی وجہ سے ملک کی مجموعی آبادی اب بھی 3 کروڑ 89 لاکھ ہے۔ تاہم پاکستان کی شرح پیدائش 3.6 ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آبادی کو کم کرنے کے لیے شرح پیدائش کو سالانہ 2 فیصد تک لانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایشیا دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے اور اس کی مجموعی آبادی 15 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم ، خطے کے اندر مستقبل کی آبادی میں تبدیلی کا انداز مختلف ہے جہاں مشرقی ایشیا میں 3 فیصد کمی مغربی ایشیا میں 38 فیصد اضافے کا امکان ہے۔