کیا تانیہ ایدروس کو جہانگیر ترین سے تعلق کی سزا ملی ؟

کیا تانیہ ایدروس کو جہانگیر ترین سے تعلق کی سزا ملی ؟
وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی تانیہ ایدرس نے استعفیٰ دے دیا۔ بظاہر انہوں نے وسیع تر ملکی مفاد اور اسی قسم کے باقی خوشنما اور عظیم تر محرکات کی بنا پر استعفیٰ دیا تاہم اب اندر کی خبر سامنے آئی ہے۔

جیو نیوز نے بتایا ہے کہ  مطابق تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کے نام سے این جی او بنائی جسے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان  میں رجسٹرڈ کرایا گیا جب کہ این جی او کے ڈائریکٹرز میں جہانگیر ترین اور تانیہ ایدروس شامل تھے۔


ذرائع کا کہنا ہےکہ فاؤنڈیشن کی فنڈنگ میں بے قاعدگیوں کے بھی الزامات سامنے آئے جس پر وزیراعظم عمران خان نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور تحقیقات کے دوران تانیہ ایدروس الزامات سے بری الزمہ نہ ہو سکیں۔


تاہم نیا دور کو ذرائع نے بتایا ہے کہ تانیہ ایدرس کی تعیناتی میں مرکزی کردار جہانگیر ترین نے ادا کیا تھا۔ وہ اس این جی او کے شریک ڈائریکٹرز میں بھی ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تانیہ ایدروس کی بر طرفی در اصل جہانگیر ترین کی جانب وزیر اعظم کی ناراضگی کا تسلسل ہے۔ پی ٹی آئی میں موجود جہانگیر ترین مخالف قوتیں  کسی صورت بھی ٹیم جہانگیر ترین کو فیصلہ ساز حلقوں کے آس پاس نہیں رہنے دینا چاہتیں۔ خاص طور پر وزیر اعظم سے رابطہ رکھنے کے قابل کسی عہدے پر تو بالکل بھی نہیں۔ 

 ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ تانیہ ایدروس کی این جی او کو ملا اور تانیہ کی تہری شہریت  کو جہانگیر ترین مخالف ان حلقوں نے ملکی و قومی سلامتی کے تحفظات کا رنگ دیا۔  تاہم یہ ایسی وجوہات نہ تھیں کہ ان سے استعفیٰ لیا جاتا۔


ذرائع کے مطابق تانیہ ایدروس پاکستان کے علاوہ کینیڈا اور سنگاپور کی شہریت بھی رکھتی ہیں۔