پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے چھ اراکین کی وزارتِ اطلاعات میں تعیناتی منظور: میرٹ کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، سرکاری موقف

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے چھ اراکین کی وزارتِ اطلاعات میں تعیناتی منظور: میرٹ کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، سرکاری موقف
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا کے چھ اراکین کی وزارتِ اطلاعات میں تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن سوموار کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کیا۔

اس نوٹیفکیشن کے مطابق ایک افسر کو MP2 سکیل جب کہ باقی پانچ کو MP3 سکیل کی ملازمت پر رکھا گیا ہے۔ MP2 کا ملازم گریڈ 21 جب کہ MP3 کا ملازم گریڈ 20 کی سطح پر تعینات ہوگا۔

تحریک انصاف کے عمران حیدر غزالی کو MP2 سکیل پر رکھا گیا ہے جب کہ شہباز خان، محمد مزمل حسن، عثمان بن ظہیر، نعیم احمد یاسین اور سیدہ دھنک ہاشمی کو MP3 سکیل پر رکھا گیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق یہ چھ لوگ اس سے قبل پی ٹی آئی میڈیا سیل کے اراکین تھے اور ان کو بھاری تنخواہوں پر بغیر مقابلے کے امتحان کے بڑی اسامیوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی جماعت کی سوشل میڈیا مہم چلانے کا تجربہ حاصل ہے۔

تاہم سرکاری طور پر ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ میرٹ کی خلاف ورزیوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔  وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا ڈاکٹر ارسلان نے کہا ہے کہ  تعیناتیوں سے متعلق  میریٹ کی خلاف ورزیوں کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ وزیر اعظم نے ان آسامیوں پر تعیناتیوں کے لئے 2019 دسمبر میں ہی اجازت دے دی تھی۔ جبکہ جی ایم سوشل میڈیا کے لئے 76 اور دیگر آسامیوں کے لئے 67 درخواستیں موصول ہوئیں جب کہ مجموعی طور پر 420 سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دیں۔  جن کی چھانٹی کے بعد قانونی طریقہ اپناتے ہوئے میرٹ پر یہ تعیناتیاں کی گئیں ہیں۔