پی ڈی ایم کو اس میں شامل چھوٹی جماعتوں نے ڈبویا؟ پی ڈی ایم کے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں ہارنے کی وجہ سامنے آگئی

پی ڈی ایم کو اس میں شامل چھوٹی جماعتوں نے ڈبویا؟ پی ڈی ایم کے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں ہارنے کی وجہ سامنے آگئی
ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک کے مشترکہ امیدوار مولانا غفور حیدری کو حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی سے 10 ووٹ کم پڑنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ جے یو آئی رہنما غفور حیدری کو ٹکٹ دینے پر بلوچستان کی جماعتیں ناراض تھیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی ٹکٹ کیلئے پی ڈی ایم کے اندرونی اختلافات سے سینٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق مولانا غفور حیدری کو ٹکٹ دینے پر سربراہی کمیٹی میں بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔ چھوٹی جماعتوں کا اعتراض تھا کہ ساری ٹکٹوں کی تقسیم تینوں جماعتیں آپس میں کر رہی ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتیں بھی اپنا حصہ مانگ رہی تھیں۔ چھوٹی جماعتوں اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینٹرز کے تحفظات سینٹ انتخاب میں مولانا غفور حیدری کی شکست کا سبب بنے۔

واضح رہے گزشتہ روز حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینٹ اور مرزا محمد آفریدی ریکارڈ 54 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی نشست لے اڑے تھے۔چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کو 8 ووٹ مسترد ہونے پر 42 ووٹ ملے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری 44 ووٹ حاصل کرکے شکست سے دوچار ہوئے۔

یاد رہے ک ایوان بالا کے اجلاس میں سینٹ کے 100 ارکان میں سے 98 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، سحاق ڈار بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے پاس دو، دو جبکہ جماعت اسلامی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور ایک آزاد امیدوار کے پاس ایک، ایک ووٹ موجود ہے۔