اردو زبان کی ترویج کے لئے وزیراعظم ہاؤس نے انگریزی میں نوٹیفیکشن جاری کر دیا

اردو زبان کی ترویج کے لئے وزیراعظم ہاؤس نے انگریزی میں نوٹیفیکشن جاری کر دیا
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اردو زبان کی ترویج کے لئے نکالا گیا نوٹیفیکیشن انگریزی زبان میں جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے انگریزی میں جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیراعظم نے احکامات دئیے ہیں کہ اردو زبان کی ترویج کے لیے اب سے تمام تقاریب جس میں وزیراعظم شرکت کریں گے قومی زبان میں کی جائیں گی۔



نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی اردو زبان کی ترویج کے لئے خواہش ہے کہ ہر وہ تقریب، سیمینار اور پروگرام اردو زبان میں منعقد کئے جائیں گے جہاں وزیراعظم شرکت کریں گے اردو زبان میں کی جائیں گی، جہاں تمام مقررین اردو زبان میں تقاریر کریں گے اور تقریب کی تشہیر بھی اردو میں ہی کی جائے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ان احکامات کی تکمیل کے لئے ضروری اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے اور اس حوالے سے ہر تقریب کے لئے وزیراعظم ہاؤس سے ہدایات لی جائیں گی۔  وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے اس نوٹیفیکیشن میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط بھی موجود ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر وزیراعظم ہاؤس کے اردو زبان کی ترویج کے ان اقدامات  کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ ان احکامات کا اعلان انگریزی زبان میں کیا گیا ہے۔