استعفیٰ دینے سے جاں بحق افراد واپس آجائیں گے تو استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں: وزیر ریلوے

استعفیٰ دینے سے جاں بحق افراد واپس آجائیں گے تو استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں: وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ڈہرکی میں ہونے والے ٹرین حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے سے جاں بحق افراد واپس آجائیں گے تو استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب ان سے سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن بینچز پر بیٹھ کر ٹرین حادثات پر اس وقت کے وزیر ریلوے سعد رفیق سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتی تھی تو کیا وہ اس حادثے پر وزارت سے استعفیٰ دیں گے۔

جس کے جواب میں اعظم سواتی نے کہا کہ 'بحیثیت اعلیٰ عہدیدارا (وزیر ریلوے) میں اس ٹرین حادثے کی ذمہ داری لیتا ہوں اور میرے ماتحت کام کرنے والے سینئر افسران بھی اس کی ذمہ داری لیتے ہیں تاہم استعفیٰ دینے سے جاں بحق افراد واپس آجائیں گے تو استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں۔ اعظم سواتی نے ان سب کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جو ان کے مطابق کرپشن میں ملوث تھے اور گزشتہ 25 سے 30 برسوں سے ریلوے کے لیے کچھ نہیں کیا۔

وزیر ریلوے نے اعتراف کیا کہ 'یہ ٹریک ہمارے گلے میں ہڈی کی طرح پھنس گیا ہے جسے ہم نہ نگل سکتے ہیں نہ اگل سکتے ہیں، میں اعتراف کرتا ہوں کہ اس ٹریک پر مسافروں کا تحفظ داؤ پر ہے'۔

حال ہی میں وزارت ریلوے کی جانب سے رواں برس جنوری تا مارچ کے عرصے میں ٹرین حادثات میں 23 فیصد کمی کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کے اس کے مقابلے میں گزشتہ برس اسی عرصے میں 64 حادثات رپورٹ ہوئے تھے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں ٹرین کے 100 سے زائد حادثات ہوئے۔

بہاولپور-سکھر- حیدرآباد مین لائن ون منصوبے کا بنیادی حصہ ہے جسے فوری بحالی کی ضرورت ہے، حالانکہ پاکستان ریلوے کے متعدد برانچ لائنز خستہ حالی کا شکار ہیں لیکن یہ حصہ گزشتہ چند برسوں سے مسلسل نظر انداز ہورہا ہے۔ سال 2014 میں محکمے نے اس سیکشن کا خصوصی مرمتی کام کیا تھا جس سے کچھ حد تک ٹرین آپریشن آسان ہوگیا تھا لیکن سال 19-2018 میں جب حکومت نے ریلوے کا بجٹ کم کیا تو صورتحال بگڑنا شروع ہوگئی۔ایسے میں جب حادثات میں اضافہ ہورہا تھا ریلوے انتظامیہ نے ٹریک کی بحالی کے بجائے مزید مسافر ٹرینیں چلانے پر توجہ دی جس سے صورتحال مزید خراب ہوئی۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ جب سے انہوں نے وزارت سنبھالی بہت سے معاملات کو فوری طور پر اٹھایا جس میں خصوصاً ناقص انٹرلاکنگ نظام کو نئے سے بدلنے کے منصوبے میں تاخیر کا مسئلہ شامل ہے، انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اس منصوبے کے پیچھے پڑا تھا اور کوئی افسر اس پر کام کرنے کو تیار نہیں تھا۔