آزاد کشمیر انتخابی مہم: مراد سعید اور علی امین گنڈا پور کے قافلے پر پتھراؤ

آزاد کشمیر انتخابی مہم: مراد سعید اور علی امین گنڈا پور کے قافلے پر پتھراؤ
آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران مراد سعید اور علی امین گنڈا پور کے قافلے پر پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا ہے، جہلم ویلی میں کھن بندوے کے مقام پر وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور کے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزراء کے سیکیورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی، جبکہ مشتعل افراد نے علی امین گنڈاپور کے قافلے پر انڈے بھی پھینکے۔

پی ٹی آئی قیادت کی گاڑیوں پر پتھراؤراجہ فاروق حیدر کے حلقے میں کیا گیا،واقعے میں تنویر الیاس کے اسکواڈ کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوگیا، پی ٹی آئی رہنماء تنویر الیاس نے الزام عائد کیا کہ ن لیگی کارکنان نے پتھراؤاور ہوائی فائرنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے، عام انتخابات کیلئے پولنگ 25 جولائی کو ہوگی، مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اورپاکستان میں حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی جلسے کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنماء علی امین گنڈا پور کو انتخابی مہم کے دوران ایک شخص نے جوتا دے مارا، جس کے بعد علی امین گنڈا پور نے اس کو معاف کردیا، اسی طرح آج وفاقی مراد سعید اور علی امین گنڈا پور جلسے کیلئے فارق حیدر کے حلقے میں جارہے تھے کہ راستے میں پہاڑوں کے اوپر سے ان پر پتھر پھینکے گئے اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

مراد سعید کی گاڑی پر پتھراؤ اور ہوائی فائرنگ نامعلوم لوگوں کی جانب سے کی گئی، واقعے میں تنویر الیاس کے اسکواڈ کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے قافلے میں وفاقی وزیر مراد سعید ، علی امین گنڈا پور ،تنویرالیاس اور مقامی قیادت موجود تھی۔ پی ٹی آئی رہنماء تنویر الیاس نے الزام عائد کیا کہ ن لیگی کارکنان نے ہمارے قافلے پر پتھراؤاور ہوائی فائرنگ کی، فاروق حیدر نے مراد سعید کو حلقے میں داخل ہونے سے متعلق دھمکی دی تھی، آج راجا فاروق حیدر کے حلقے میں داخل ہوئے تو پتھراوٴ اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور کی آمد پر سڑکوں پر ڈنڈا بردار لوگ بھی موجود تھے، یہ واقعہ فاروق حیدر کی دھمکی کے بعد پیش آیا ہے۔