تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا

تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا
پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نام فائنل کر لیا۔تحریک انصاف کی جانب سے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی آج وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب کرے گی۔ عبدالقیوم نیازی حلقہ ایل اے 18 سے کامیاب ہوئے تھے۔قیوم نیازی مسلم کانفرنس کی حکومت میں وزیر خوراک رہے۔

2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے تھے۔ عبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونجھ کی تحصیل عباس پور سے ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم کے نام کا تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ۔اس سے قبل خواجہ فاروق احمد کو آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ سونپ دیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

2 روز قبل وزیراعظم کی زیرصدارت آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان کا اجلاس ہوا تھا جس کے بعد عمران خان سے بیرسٹر سلطان محمود ، خواجہ فاروق، تنویرالیاس اوراظہر صادق نےالگ الگ ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمرا ن خان نے ہرامیدوارسے15منٹ کی ملاقات کی ، اس دوران چاروں امیدواروں سے مختلف سوالات کیے گئے ، انٹرویو میں سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت تعلیم وترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن کے متعلق جاننے کی کوشش کی جس پر چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیرسےمتعلق اپنی اپنی ترجیحات سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا،تاہم آج تام توقعات کے برعکس تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے عبدالقیوم نیازی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11 ویں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوئے تھے جن میں پاکستان تحریک انصاف نے شاندارکامیابی حاصل کی تھی۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 اراکین پر مشتمل ہے جو خصوصی نشستوں کے انتخاب کے بعد مکمل ہوگا۔ خواتین کی پانچ نشستوں کے لئے 10، علماو مشائخ کی ایک نشست کے لئے چار، ایک ٹیکنوکریٹ نشست کے لئے چار اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی ایک نشست کے لئے چار امیدواروں نے کاغذات نامزگی جمع کرائے تھے۔