مسجد میں شوٹنگ کا کیس: اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری

مسجد میں شوٹنگ کا کیس: اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور کی مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کرنے کے کیس میں صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں۔

لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں فنکاروں کے مسلسل غیر حاضر ہونے پر وارنٹ جاری کیے۔ پاکستانی شوبز سٹارز اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید پر مسجد میں ویڈیو شوٹ کرنے کے الزام میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے مسجد میں ویڈیو بنا کر اس کے تقدس کو پامال کیا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی جبکہ لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی درخواست ضمانت پر ہوئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صبا قمر اور بلال سعید کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا دونوں اداکار عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے اداکاروں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔