اکتوبر کا مہنگائی بم تیار، پٹرول 5 روپے اور بجلی 2 روپے فی یونٹ مہنگے ہونے کا امکان

اکتوبر کا مہنگائی بم تیار، پٹرول 5 روپے اور بجلی 2 روپے فی یونٹ مہنگے ہونے کا امکان
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں مزید 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوادی ہے جس میں پٹرول کی قیمت 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

دوسری جانب نیپرا بجلی صارفین پر مہنگائی کا ایک اور بم گرنے کو تیار ہے، اور نیپرا میں بجلی ایک ماہ کیلئے 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت شروع ہوچکی ہے، نیپرا سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست سماعت کے رہی ہے۔

درخواست اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی ترین پیداوار بجلی مہنگی ہونے کی وجہ ہے، گزشتہ ماہ ڈیزل سے 22 روپے 62 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے 18 روپے 24 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ منظوری کی صورت میں صارفین پر 25 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ایک پیسہ جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے اور مٹی کی تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ جبکہ مہنگی ایل این جی خریدنے کے باعث بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔