پرانے فونز پر واٹس ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ

پرانے فونز پر واٹس ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ
پرانے فونز استعمال کرنیوالے صارفین آئندہ ماہ نومبر سے واٹس ایپ کو استعمال نہیں کر سکیں گے، وہ سماجی رابطوں کی اس مشہور ایپ سے محروم ہو جائیں گے۔ ان موبائل فونز میں زی ٹی ای گرینڈ ایس فلیکس، گلیکسی کور، سام سنگ گلیکسی ایس 2، ایل جی اوپٹیمس اور دیگر شامل ہیں۔

واٹس ایپ کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر صارفین کے پاس پرانے فونز ہیں تو یکم نومبر 2021ء تک اینڈرائیڈ 4.1 پر کام کرنے والی ڈیوائسز پر منتقل ہو جائیں یا اس سے پہلے ہی اپنی چیٹ ہسٹری محفوظ کرلیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً دو ارب سے زیادہ صارفین ماہانہ واٹس ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔ اس ایپ کو فی الوقت ہر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز پر استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ یعنی 2013ء میں متعارف کرائے جانے والے سمارٹ فونز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

کہا جا رہا ہے کہ رواں سال یکم نومبر سے واٹس ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین کیلئے لازم ہوگا کہ ان کے پاس کم از کم اینڈرائیڈ 4.1 آپریٹنگ سسٹم والا فون موجود ہو۔ 4.0 والے سمارٹ فونز پر واٹس ایپ کو بند کر دیا جائے گا۔

اس بات کی تصدیق واٹس ایپ کے آفیشل پیج پر بھی کرتے ہوئے دنیا بھر کے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ سے اینڈرائیڈ 4.1 والے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنیوالے فونز واٹس ایپ کو استعمال کرنے کیلئے درکار ہونگے۔