لبنان میں بدترین لوڈشیڈنگ، پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا، بجلی کئی دن تک نہ آنے کا خدشہ

لبنان میں بدترین لوڈشیڈنگ، پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا، بجلی کئی دن تک نہ آنے کا خدشہ
لبنان میں بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پورے ملک پر تاریکی چھائی ہوئی ہے۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے پاور پلانٹس بند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے آئندہ کئی روز تک بجلی نہ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ لبنان کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اسے پاور پلانٹس کو چلانے کیلئے تیل کی درآمدگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب لوگ گھروں میں جنریٹرز چلا رہے ہیں لیکن ایندھن کی کمی کی وجہ سے یہ سہولت بھی جلد ختم ہو جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے اہم ترین پاور پلانٹس امار پاور سٹیشن اور زہرانی پلانٹس بند ہو چکے ہیں۔ پلانٹس کی بندش سے پورا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ حکومت کے پاس اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی متبادل ہی موجود نہیں ہے، اس لئے بجلی کی بحالی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔

ادھر لبنان کی وزارت توانائی کی جانب سے عوام کو طفل تسلیاں دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایندھن کی نئی کھیپ جلد کی توقع ہے، امید ہے کہ اسے پیر تک پاور پلانٹس تک پہنچا دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی بحالی کیلئے فوج کے ایندھن کے ذخائر استعمال کئے جائیں گے لیکن ایسا جلد ہونا ممکن نظر نہیں آ رہا۔