گوجرانوالہ: بدبخت باپ جوئے میں 21 سالہ بیٹی ہار گیا

گوجرانوالہ: بدبخت باپ جوئے میں 21 سالہ بیٹی ہار گیا
گوجرانولہ کے علاقے گکھڑ میں ایک بدبخت باپ نے جوئے میں 21 سالہ بیٹی کو ہار کر اس کا زبردستی نکاح ادھیڑ عمر شخص سے کروا دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ملزم کا نام طارق بتایا جا رہا ہے جس نے ایک کرکٹ میچ کے دوران جوا لگایا لیکن 10 لاکھ روپے ہار گیا۔ جواریوں نے جب مطلوبہ رقم کیلئے اصرار کیا تو اس نے بدلے میں اپنی اکیس سالہ بیٹی کا نکاح ایک ادھیڑ عمر شخص کیساتھ کر دیا۔

متاثرہ لڑکی کی والدہ کے مطابق شادی کی پہلی رات ہی اس ادھیڑ عمر شخص نے بیٹی کو بتا دیا تھا کہ تمہارے باپ نے جوے کی رقم نہ دینے کی وجہ سے نکاح کیا۔ میری بیٹی نے یہ سن کر احتجاج کیا تو اس نے اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ دوسرے دن میری بیٹی گھر واپس آئی لیکن اس ادھیڑ عمر شخص کیساتھ واپس جانے سے انکار کیا تو اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس کا کہنا تھا کہ بچی نے گھر آنے کے بعد واپس جانے سے انکار کیا تو ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، میں نے اپنی بیٹی کو بچانے کی کوشش کی تو مجھے بھی زدوکوب کیا اور میرا بازو توڑ دیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان بچی کو زبردستی اٹھا لے گئے جس کا ابھی تک کچھ پتا نہیں چل رہا ہے۔ دوسری جانب اس کیس کے تفتیشی افسر یاسر کا نیا دور اردو سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ اس مماملے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، خاتون کی شکایت پر ہم نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن ابھی تک وہ قانون کی گرفت میں نہیں آ سکا۔

تھانہ گھکڑ کے اے ایس آئی یاسر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لڑکی کے نکاح کی تقریب میں تقریباً 200 افراد شریک تھے، پورا علاقہ اس شادی کا گواہ ہے، یہ معاملہ خاوند اور بیوی کے درمیان جھگڑے کا لگتا ہے تاہم کیس کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔