ایشیا یورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خلل، پاکستان میں انٹرنیٹ سپیڈ کم ہوگئی

ایشیا یورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خلل، پاکستان میں انٹرنیٹ سپیڈ کم ہوگئی
لاہور: پاکستان میں اچانک انٹرنیٹ کی سپیڈ میں کمی واقع ہوئی ہے جسے ایشیا یورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خرابی بتایا جا رہا ہے، یہ کیبل 25 ہزار کلومیٹر طویل ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ انٹرنیٹ کیبل میں یہ خرابی فجیرا کے مقام پر ہوئی ہے جو 40 ٹیرا بائیٹ کا اہم ترین کیبل ہے، اس وجہ سے پاکستان بھر میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی ماہرین انٹرنیٹ ڈیٹا ٹریفک کو دیگر کم گنجائش والے کیبلز پر منتقل کر رہے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 40 ٹیرابائیٹ کیبل کی مرمت میں کئی دن بھی لگ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی دنیا بھر میں انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہو گئی تھی۔ اس بندش نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے صارفین شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔