شیخ رشید ایک بار پھر موڈ میں، بلاول کو ''دل کا جانی'' قرار دیدیا

شیخ رشید ایک بار پھر موڈ میں، بلاول کو ''دل کا جانی'' قرار دیدیا
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر موڈ میں آتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دل کا جانی قرار دیدیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول تو میرے دل کا جانی ہے، اسے سات خون معاف ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ اسے ایسی تھکی ہوئی اپوزیشن ملی، جو ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکی۔ اپوزیشن والے دو تین ماہ جلسے کریں گے، پھر یہ سال بھی ختم ہو جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں میں ''ڈنگ'' ہی نہیں ہے انہوں نے ہمارے لئے خطرناک کیا ہونا ہے۔ ان کے رنگ پسٹن بیٹھ چکے ہیں۔ ان کے پلگوں میں کچرا پھنس چکا ہے۔ نئے انجن بھی اب تو دھواں چھوڑنا شروع ہو چکے ہیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1450138414452551684?s=20

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں صرف 21 الیکشن رہ گئے ہیں۔ اگر اپوزیشن نے کسی سیاسی گڑھے میں گرنا ہے تو پھر اللہ تعالی ملک وقوم کی حالت پر رحم کرے۔

خیال رہے کہ شیخ رشید ملک کے واحد سیاستدان ہیں تو ایسی ایسی اختراع نکالتے ہیں تو صرف ان ہی کا خاصہ ہے۔ اپنے سیاسی بیانات میں وہ اکثر سیاسی مخالفین کو گاڑیوں کے پارٹس سے تشبیہ دیتے رہتے ہیں۔ رنگ پسٹن، انجن، دھواں چھوڑتی گاڑیاں اس کی مثالیں ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اکثر ان کی سیاسی لفاظی کا شکار بنتے رہتے ہیں۔ شیخ رشید انھیں کبھی بلو رانی کہتے نہیں تھکتے اور کبھی دل کا جانی قرار دیتے رہتے ہیں۔